”
اسلام آباد: سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات آج ہوں گے۔ جس کے لیے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے 4 بجے تک جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی خالی ہونے والی 6 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ قومی، سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں ہو گی جبکہ اسلام آباد کے ریٹرننگ افسر ظفر اقبال کی جانب سے امیدواروں کا فارم 54 جاری کیا جا چکا ہے۔
قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان اور پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ سندھ میں سینیٹ کی 2 خالی ہونے والی نشستوں پر انتخاب کے لیے پولنگ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جہاں پیپلز پارٹی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کے لیے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور پیپلز پارٹی نے اسلام آباد اور بلوچستان میں اتحاد کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے آخری قسط کیلئے تمام اہداف حاصل کر لیے، وزارت خزانہ
پیپلز پارٹی رہنما نیئر بخاری نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخاب میں بلوچستان سے پیپلز پارٹی جے یو آئی کی حمایت کرے گی۔
جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ سیاسی حوالے سے بہتر پیشرفت ہوئی ہے اور ہماری کوشش ہو گی کہ سینیٹ انتخاب میں یوسف رضا گیلانی کا ساتھ دیں۔
”